حقائق کا سامنا کرنے کی ضرورت ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس سے پارٹی صدر سونیا گاندھی کا خطاب
نئی دہلی ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں ہونے والے سنگین نقصانات کا نوٹ لینا چاہئے اور حقیقت کا سامنا کرنا چاہئے تاکہ ان شکستوں سے سبق سیکھا جاسکے اور پارٹی کی خامیوں کو دور کیا جاسکے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ایک چھوٹا گروپ تشکیل دیا جائے جو ہر پہلو کا جائزہ لے جس کے نتیجہ میں پارٹی کو شکست ہو رہی ہے ۔ اس گروپ کی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں ہونے والی شکستوں کا جائزہ لینے اور پارٹی کی ناقص کارکردگی پر تبادلہ خیال کیلئے منعقد ہوا ہے ۔ کانگریس کو مغربی بنگال میں ایک بھی نشست نہیں مل سکی جبکہ وہ کیرالا اور آسام میں اقتدار پر واپسی کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ پڈوچیری میںشکست کے علاوہ پارٹی ٹاملناڈو میں صرف اپنی حلیف ڈی ایم کے کی مدد سے اقتدار میں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو ان سنگین نقصانات کا نوٹ لینا چاہئے ۔صرف اتنا کہنا کہ ہم مایوس ہیں کافی نہیں ہے ۔ وہ چاہتی ہیں کہ ایکچ ھوٹا سا گروپ تشکیل دیا جائے جو پارٹی کو نقصانات اور شکستوں کی تمام وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور جلد ہی رپورٹ بھی پیش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو اس بات کا از خود جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ کیرالا اور آسام میں ہم کیوں حکومتوں کو شکست نہیں دے سکے ۔ یہ بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ مغربی بنگال میں ہم کو ایک بھی نشست کیوں نہیں مل سکی ہے ۔ اس کا جائزہ لینے سے ہمیں بے چین کرنے والے سبق بھی مل سکتے ہیں۔ اگر ہم نے حقیقت کا سامنا نہیں کیا اور حقائق کا جائزہ نہیں لیا تو ہم صحیح سبق حاصل نہیں کر پائیں گے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ جن ریاستوں میں پارٹی کو شکست ہوئی ہے وہاں کے پارٹی جنرل سکریٹریز و انچارجس کو پارٹی کی شکست کی وجوہات من و عن پیش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پارٹی جنرل سکریٹریز بالکل کھلے انداز میں شکست کی وجوہات سے واقف کروائیں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ لوگ اس حقیقت کو پیش کریں کہ ہم کیوں نہیں اچھا مظاہرہ کرسکے اور ہماری کارکردگی توقعات سے کم کیوں رہی ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ نتائج واضح کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے گھر کو سدھارنے کی ضرورت ہے ۔ سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں کورونا وباء سے نمٹنے کے طریقہ کار پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ اجلاس کے دوران کانگریس اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹروں نے اپنی ریاستوں میں صورتحال سے واقف کروایا اور اپنے اقدامات کی تفصیل بھی پیش کی ۔