واشنگٹن/10 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان سے انخلا کے لیے نہیں بلکہ امن کے لیے معاہدہ کررہا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد برائے پاکستان و افغانستان نے یوایس انسٹیٹیوٹ آف پیس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے نکلنے کا نہیں بلکہ امن کا معاہدہ کررہا ہے اور طالبان سے مذاکرات بالکل ابتدائی مرحلیمیں ہیں۔زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا اور پاکستان کا ان مذاکرات کی کوششوں میں مثبت کردار قابل تعریف ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ بہترتعلقات چاہتا ہے۔خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا افغانستان سے جنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور افغانستان سے نکلنے کا نہیں، امن کا معاہدہ کررہا ہے کیوں کہ طالبان سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں فوج رہنے سے امن نہیں ہوسکتا۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکا افغان حکومت اورطالبان میں مذاکرات چاہتا ہے لہٰذا افغان سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ طالبان سے پرامن انتخابات کے لیے معاہدہ طے پا جائے گا اور امید ہے کہ جولائی سے قبل امن معاہدہ طے ہوجائے گا ۔