مورینا: مدھیہ پردیش کی مورینا ضلع پولیس نے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے دو ارکان کو گرفتارکرکے ن کے پاس سے ہتھیاروں اور کارتوسوں کا ایک بڑا ذخیرہ ضبط کیا ہے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مورینا کوتوالی پولیس نے کل ایک اطلاع کی بنیاد پر یہ کارروائی کی۔ اطلاع ملی تھی کہ تشدد پھیلانے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے غیر قانونی اسلحے کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے دو ارکان بڑی تعداد میں اسلحے کا بڑا ذخیرہ دیمنی اور امبا اسمبلی کے علاقوں میں سماج دشمن عناصرکو کھپانے کے لئے لائے ہیں۔ پولیس نے بتائے مقام آمپورہ کے علاقے میں چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روک کر ان کے بیگ کی تلاشی لی۔ اس دوران چھ پستول، 14 دیسی ساختہ پستول اور کارتوس برآمد ہوئے ۔ پولیس نے دونوں ملزمین رویندر کشواہا اور گجیندر کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے شروعاتی پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ وہ یہ ہتھیار ریاست کے برہان پور علاقے سے یہاں لائے تھے اور امبا اور دیمنی اسمبلی حلقوں میں لے جا رہے تھے ۔ ملزمان برہان پور سے ایک پستول بیس ہزار روپے میں خرید کر لے جاتے اور اسے تین گنا قیمت پر یہاں فروخت کرتے تھے ۔
