انتخابات کے بعد 20 بی آرایس ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہونگے : اتم کما ریڈی

   

نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ۔ کے سی آر سیاسی شناخت بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں
حیدرآباد :4؍ مئی ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز و آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آرایس کے 20 ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہونگے اور بی آرایس سربراہ کے سی آر کا سیاسی کھیل ختم ہوجائیگا۔ نلگنڈہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ہر طرف کانگریس کی لہر ہے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔کانگریس کو 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیاب بنانے کی عوام تیاری کررہے ہیں جس سے اپوزیشن بی آرایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ حکومت کیخلاف جھوٹے الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عوام نے جس طرح اسمبلی انتخابات میں دونوں جماعتوں کو مسترد کیا ہے وہی تاریخ لوک سبھا انتخابات میں دہرائی جائے گی ۔ بی آرایس ارکان اسمبلی کو خود پارٹی کی قیادت پر بھروسہ نہیں ہے 20 سے زائد بی آرایس کے ارکان اسمبلی کانگریس سے رابطہ میں ہیں حکومت کی کارکردگی سے وہ مکمل مطمئن ہے اپنے اسمبلی حلقوں کو ترقی دینے حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہنچانے کانگریس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ریاست کے کئی ایسے لوک سبھا حلقہ جات ہے جہاں بی آرایس اور بی جے پی کی ضمانت بھی نہیں بچے گی ۔ وزیر اعظم مودی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے اس لئے وہ اپنی 10 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے کی بجائے مذہب کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں ہر مسئلہ کو ہندو مسلم سے جوڑ کر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کبھی کانگریس کے منشور کو مسلم لیگ کا منشور قرار دے رہے ہیں تو کبھی پاکستان پر راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کی تیاری کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ دوسری جانب کانگریس کو ووٹ دینے پر ہندوئوں کی جائیدادیں مسلمانوں کو تقسیم کردینے حتیٰ کہ ہندو خواتین کے منگل ستر بھی مسلمانوں میں تقسیم کردنے الزامات عائد کررہے ہیں اس سے اندازہ ہوگیا دو مرحلوں کے رائے دہی کے بعد مودی کو شکست کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ 2