انتخابات کے بہانے یوم اطفال کے اہتمام سے ٹی آر ایس حکومت کا گریز

   

آر چندر شیکھر ریڈی کا الزام، چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں حیدرآباد کو عالمی نقشے پر جگہ
حیدرآباد۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) تلگودیشم کے سینئر لیڈر اور پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں حیدرآباد کو بین الاقوامی نقشے پر اہمیت حاصل تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے شہر کی ترقی کو نظرانداز کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرشیکھر ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے شہر میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں کی ترقی کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر حیدرآباد کی شناخت بنائی۔ تلگودیشم دور حکومت میں بل کلنٹن، ٹونی بلیر اور دیگر عالمی سطح کے قائدین نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے ترقی کی ستائش کی تھی۔ حیدرآباد میں بین الاقوامی سطح کے اسپورٹس اینڈ گیمس مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ 1995ء میں چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں بین الاقوامی چلڈرن فلم فیسٹول کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ چندر شیکھر ریڈی نے 14 نومبر کو یوم اطفال نامنانے ریاستی حکومت کے فیصلے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کا مکتوب باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کا بہانہ بناکر یوم اطفال کو منسوخ کرنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 نومبر تک کوئی انتخابات نہیں ہیں اس کے باوجود حکومت انتخابات کا بہانہ بنارہی ہے۔ تلگودیشم قائد نے کہا کہ ہر سال طلبہ کی تعلیمی اور دیگر شعبوں میں حوصلہ افزائی کے لیے یوم اطفال کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ گزشتہ سال 2 لاکھ 60 ہزار بچوں نے یوم اطفال پر بچوں کی فلموں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ بچوں نے ایسا کیا جرم کیا جس کی انہیں سزاء دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو حکومت نے نظرانداز کردیا ہے۔ اسٹیڈیمس کو شادیوں کی تقاریب کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جبکہ ان کا استعمال کھلاڑیوں کی تربیت اور نئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر چاہیں تو پراگتی بھون سے کھیل کود کی سرگرمیوں کا آغاز کرسکتے ہیں۔ کے سی آر برسر اقتدار آنے کے بعد سے تلنگانہ میں بین الاقوامی سطح کے پروگرام دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ خاتون تحصیلدار وجیاریڈی کو بچانے کے لیے زخمی چندریا کے بہتر علاج کے لیے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ آر ٹی سی ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ حکومت کے پاس عدلیہ کا کوئی احترام نہیں ہے اور عدالت کے احکامات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کے ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کا ٹی آر ایس کا دعوی محض ڈھکوسلا ہے، حقیقت میں ٹی آر ایس حضور نگر میں انتخابی دھاندلیوں کے ذریعہ کامیاب ہوئی ہے۔