انتخابات کے دوران جانبداری کا الزام

   

بے بنیاد خبر کے خلاف ڈاکٹر رجت کمار کی پولیس سے شکایت
حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار نے اُن کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں وائرل کرنے پر سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی۔ تفصیلات کے مطابق بعض واٹس ایپ گروپس میں باور کروایا گیا کہ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کو حکومت نے انتخابات کے دوران جانبداری برتنے پر 15 ایکر 25 گنٹے اراضی بطور تحفہ دیا ہے۔ رجت کمار نے تحریری شکایت میں سائبر کرائم کو بتایا کہ اُنھوں نے 2013-14 ء میں حکومت سے اجازت حاصل کرکے ضلع محبوب نگر کے بالانگر منڈل ہیماجی پور ولیج میں اراضی خریدی اور اُنھیں حکومت نے اراضی خریدنے کی اجازت بھی دی تھی اور اُنھوں نے سب رجسٹرار سے رجسٹری کروائی تھی۔ رجت کمار نے کہاکہ اُن کے خلاف دانستہ طور پر غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں اور اِس ضمن میں سائبر کرائمس کو ایف آئی آر درج کرنے کی خواہش کی۔ سائبر کرائمس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس رگھوویر نے بتایا کہ چیف الیکٹورل آفیسر کی درخواست حاصل ہوئی ہے اور اِس ضمن میں کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔