انتخابی حلف نامہ کیس : دیویندر فڈنویس کو شخصی حاضری سے استثنیٰ

   

ناگپور ۔4ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کو ناگپور کی عدالت نے آج عدالت میں شخصی حاضری سے استثنیٰ دے دیا ہے ۔ واضخ رہے کہ انتخابی حلف نامہ میں مجرمانہ معاملات کو چھپانے کے الزامات عائد کیا گیا ہے اور اس حوالہ سے اگلی بار 4جنوری 2020ء کو سماعت مقرر کی گئی ہے ۔ ناگپور کی عدالت نے ایک مقامی ایڈوکیٹ کی جانب سے سابق چیف منسٹر کے خلاف انتخابی حلف نامہ میں دو مجرمانہ معاملات کو چھپانے کے الزامات کے ساتھ عرضی داخل کی گئی تھی جس پر عدالت نے فڈنویس کو سمن جاری کیا تھا ۔ فڈنویس کے وکیل ادئے ڈابلے نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہیں جنہیں جاریہ اجلاس میں بہت ساری مصروفیات ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں شخصی طور پر حاضر نہیں ہوسکتے ہیں ۔ لہذا ان کے موکل کو شخصی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے جوڈیشیل مجسٹریٹ ایس ڈی مہتا نے فڈنویس کو عدالت میں شخصی حاضری سے استثنی دیتے ہوئے آئندہ سماعت کیلئے 4جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔