انتخابی خدمات سے غیر حاضر ملازمین کو سخت انتباہ

   

شفافیت کے ساتھ پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں ‘ میدک میں جائزہ اجلاس ‘کلکٹر کا خطاب

میدک ۔ 3 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک مسٹر کے دھرماریڈی کی زیر صدارت آڈیٹوریم ہال میں ماہ اپریل ؍ مئی میں منعقد شدنی پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں اور اس کے شفافیت و پرامن انعقادکے لئے ایک پیشگی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ضلع کلکٹر نے قبل ازیں منعقدہ اسمبلی انتخابات اور دیہی پنچایتوں کے انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد پر سرکاری ملازمین و عہدیدیداروں کو دلی مبارکباد بھی پیش کی ۔ نیز عہدیداروں کے بھی ضلع کلکٹر کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی ۔ ضلع کلکٹر ریڈی نے اعلی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل کسی وجہ سے رخصتیں حاصل کرنے والے ملازمین ‘ حاملہ خواتین ‘ صحت کی خرابی کی وجہ سے رخصت حاصل کرنے والوں کو انتخابی ڈیوٹیز الاٹ نہ کریں۔ اس طرح انہوں نے کہا کہ قبل ازیں منعقدہ انتخابات ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائیاں انجام دیں ۔ انہوں نے ا س خصوص میں ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر کو غیر حاضر ملازمین کی فہرست تیار کر کے متعلقہ عہدیداروں کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں جس طرح عہدیداروں کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھی اس طرح دوبارہ پارلیمنٹ الیکشن کے لئے بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے متعین کردہ نوڈل آفسروں میں تال میل کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کے لئے فلائنگ اسکوائیڈ ٹیمیں تیار کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلائنگ اسکوائیڈس کی تشکیل میں ایک ٹیم میں شامل ملازم کا نام دوسری ٹیموں میں شامل نہ رہے ۔ اس امر کا خاص خیال رکھیں ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ (سی ویجل سویپ) پر تمام عہدیداروں کو تربیت دی جائے ۔ ضلع کلکٹر نے وی آر اوز ‘ بوتھ لیول عہدیداروں ‘ پنچایت سکریٹریز کو الیکشن ڈیوٹیز سے مستثنیٰ رکھنے کی ہدایت دی ۔ ضلع کلکٹر نے ووٹرس لسٹ میں موظف حضرات اور جسمانی معذروں کے نام پتے مقامات شامل نہیں ہے ۔ انہیں لوک سبھا انتخابات میں شامل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہاکہ معذور افراد کو حق رائے دہی سے استفادہ کے لئے وھیل چیرس فراہم کرنا ضروری ہے ۔ اس اجلاس میں ضلع جوائنٹ کلکٹر مسٹر جی ناگیش ‘ ڈی آر او ستیاراماراؤ ‘ الیکشن نوڈل آفیسر وینکٹ ریڈی ‘ جیوتی پدما ‘ وینکٹیشورراؤ ‘ رتناکر‘ پرسورام‘ راجی ریڈی ‘ سدھاکر ‘ و سنت راؤ کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔