حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے گریجویٹ کونسل الیکشن میں برسراقتدار پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور پارٹی ترجمان جی نرنجن نے رائے دہی کے دوران پیش آئے مختلف واقعات کی تفصیلات کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل کو شکایت کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ سوریا پیٹ ، دیور کنڈہ، کتہ گوڑم، مریال گوڑہ اور دیگر علاقوں میں برسراقتدار پارٹی کی جانب سے رائے دہندوں میں پولنگ بوتھس کے قریب بھاری رقومات تقسیم کی گئیں۔ کانگریس کارکنوں نے کئی مقامات پر ٹی آر ایس قائدین کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کو شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ٹی آر ایس قائدین کھلے عام رقومات تقسیم کرتے رہے۔ کانگریس پارٹی نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے نمبرات کے ساتھ واقعات کی تفصیلات روانہ کی۔ کانگریس پارٹی نے ان قائدین کے نام بھی پیش کئے جو رقومات کی تقسیم میں مصروف تھے۔ پارٹی نے ٹی آر ایس کی جانب سے اخبارات میں دیئے گئے اشتہارات میں سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی تصویر کے استعمال پر بھی تنقید کی اور چیف الیکٹورل آفیسر سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔