انتخابی سرگرمیاں، ہیلی کاپٹرس اور چارٹرڈ طیاروں کی مانگ میں اضافہ

   

سنگل انجن ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ کرایہ دیڑھ لاکھ، ڈی جی سی اے اور الیکشن آفیسر کی قبل از وقت اجازت لازمی

حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اہم سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلانے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہیں۔ ریاست میں طوفانی دورے کرنے، سینکڑوں انتخابی جلسے منعقد کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں، جس کے پیش نظر ہیلی کاپٹرس اور چارٹرڈ طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ قومی جماعتوں کے قائدین اور اسٹار کیمپنرس دوسری ریاستوں سے انتخابی مہم چلانے پہنچ رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں ان کیلئے ہیلی کاپٹرس چارٹرڈ طیارے کرائے پر حاصل کر رہی ہیں۔ بلیڈ انڈیا، اربن ایر موبلیٹی، انڈین فلائی سرویسیس جیسٹ سیٹ گو جیسی کمپنیاں ہیلی کاپٹرس، جیٹ طیارے کرائے پر دیتی ہیں۔ خانگی ایجنسیوں کے علاوہ سوویدھا ایپ کے ذریعہ بھی ہیلی کاپٹرس کے ساتھ دیگر گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کرنے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں ۔ عام طور پر بیل 407 ایر بس ایچ، 125۔ ایچ 130 ہیلی کاپٹرس کرائے پر حاصل کئے جاتے ہیں جس میں 5 لوگ سفر کرسکتے ہیں۔ عام طور پر سنگل انجن والے ہیلی کاپٹر کا کرایہ فی گھنٹہ 1.5 لاکھ روپئے سے شروع ہوتا ہے۔ اگر ڈبل انجن کی گنجائش ہوتو اس کا کرایہ فی گھنٹہ 2.75 لاکھ روپئے ہوتا ہے۔ قومی جماعتیں کانگریس و بی جے پی دوسری ریاستوں کے چیف منسٹرس و اسٹار کیمپنرس کے ساتھ تلنگانہ میں انتخابی مہم چلانے کا منصوبہ رکھتی ہیں جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹرس اور چارٹرڈ طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایک کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں اور قائدین کی جانب سے ہیلی کاپٹرس کرایہ پر حاصل کرنے درخواستیں وصول ہورہی ہیں۔ آپریٹرز کیلئے لازمی ہیکہ وہ DGCA کے واضع کردہ قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ وزراء اور سیاسی جماعتوں کے سینئر قائدین کو ڈبل انجن والے ہیلی کاپٹرس یاطیارے سے سفر کرنے کے قواعد ہیں ۔ وی آئی پی طیارے چلانے والے پائلٹس کو ایک مخصوص قسم کے ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر میں پرواز کے اوقات کی ایک خاص حد کا تجربہ ہونا چاہئے۔ الیکشن کمیشن ہیلی کاپٹر کے کرایہ پر بھی نظر رکھے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور مقامی ڈپٹی کمشنر کی اجازت لی جائے۔ اگر کوئی اسٹار کیمپنیر امیدار کا نام لئے بغیر انتخابی مہم کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کرتا ہے یا امیدوار کے ساتھ اسٹیج شیر کرتا ہے تو اس کا سارا خرچ پارٹی برداشت کریگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہیکہ امیدوار کے نام پر انتخابی مہم چلائی گئی تو نصف اخراجات پارٹی و امیدوار برداشت کریں گے۔ سفر کا وقت اور ہیلی کاپٹر کا کرایہ امیدوار کے اخراجات میں شمار ہوگا۔ن