انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل بی آر ایس کی انتخابی مہم عروج پر

   

کے ٹی آر اور ہریش راؤ کا درجنوں اسمبلی حلقوں کا طوفانی دورہ
کویتا کو اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے بشمول متحدہ ضلع نظام آباد کی ذمہ داری، چیف منسٹر انتخابی منشور کی تیاری میں مصروف
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ بی آر ایس پارٹی گراؤنڈ سطح پر پہنچ کر حالات کو اپنے حق میں سازگار بنانے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہی ہے۔ پارٹی امیدواروں کے اعلان کے بعد پارٹی میں جو ناراضگیاں ہیں ایک طرف اس کو دور کرنے کانگریس اور بی جے پی کے ناراض قائدین کو بی آر ایس میں شامل کرنے کے علاوہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے ریاستی وزراء ہریش راؤ اور کے ٹی آر کو خصوصی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ بی آر ایس کی ایم ایل سی کویتا کو اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے علاوہ متحدہ ضلع نظام آباد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جس کے بعد کے ٹی آر اور ہریش راؤ اضلاع کے طوفانی دورے کررہے ہیں اور پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھررہے ہیں، جہاں کا دورہ کررہے ہیں وہاں پارٹی قائدین میں اتحاد پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور ساتھ ہی سرکاری پروگرام میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اخبارات میں اشتہارات کے ذریعہ حکومت کے ترقیاتی و فلاحی کاموں کی بڑے پیمانے پرتشہیر کی جارہی ہے۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل پارٹی میں جو بھی ناراضگیاں ہیں اس کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تینوں قائدین حکومت کے پروگرامس کی زبردست تشہیر کررہے ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں ساتھ ہی اضلاع کے دوروں سے متعلق رپورٹس چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کررہے ہیں۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر اپنے وزارتی محکمہ جات کے جائزہ اجلاس طلب کررہے ہیں۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اپنے اسمبلی حلقہ سرسلہ کے بشمول اسمبلی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا ہے۔ بالخصوص متحدہ اضلاع کریم نگر، کھمم ، نلگنڈہ ، محبوب نگر کے بشمول حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی پر کے ٹی آر نے فوکس کیا ہے۔ اس کے علاوہ کے ٹی آر نے 7 اکٹوبر تک اپنے پروگرامس کا شیڈول تیار کیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت و فینانس ٹی ہریش راؤ نے اپنے اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے علاوہ 15 دن میں 20 اسمبلی حلقوں کا طوفانی دورہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی نمائندگی والے حلقہ گجویل کے علاوہ متحدہ ضلع میدک میں سوائے اسمبلی حلقہ نرسا پور کے علاوہ مابقی اسمبلی حلقوں کا دورہ مکمل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ متحدہ اضلاع رنگاریڈی، ورنگل، نلگنڈہ، محبوب نگر اور کھمم کے پروگرامس میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے علاوہ متحدہ ضلع نظام آباد میں طوفانی انتخابی مہم چلارہی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر ناسازی صحت کے باعث پرگتی بھون اور فارم ہاوز میں آرام کرتے ہوئے ریاست کے تازہ حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ انٹلیجنس کے علاوہ پارٹی کے قائدین اور مختلف سروے ایجنسیوں کی رپورٹس پر سنجیدگی سے غورکررہے ہیں اور ساری توجہ پارٹی منشور کی تیاری پر مرکوز کرچکے ہیں۔ ساتھ ہی پارٹی کی انتخابی تشہیر کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ 6 اکٹوبر کو ورنگل میں 10 لاکھ عوام کے ساتھ ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پارٹی قائدین کو جلسہ عام کامیاب بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے اور اسی جلسہ عام سے چیف منسٹر کے سی آر پارٹی منشور جاری کریں گے۔ن