عوام کی نظر قطعی رجحان پر مشتمل ، سیاسی پارٹیوں کو لوک پول سروے کا انتظار
حیدرآباد۔4۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) ٖملک کی 5 ریاستوں میں انتخابات کے شیڈول کی کسی بھی وقت اجرائی کے پیش نظر اب عوام کی نظریں ان قطعی رجحانوں پر ٹکی ہوئی ہیں جو سابق میں درست ثابت ہوئے ہیں۔ پڑوسی ریاست کرناٹک کے انتخابات سے قبل زمینی حقائق کا مشاہدہ کرتے ہوئے انتخابات سے قبل کئے گئے سروے کے مطابق پیش قیاسی کرنے والے اداروں کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد تمام سیاسی قائدین اور سیاسی جماعتوں کی نظریں ’لوک پول‘ ادارہ پر ٹکی ہوئی ہیں تاکہ تلنگانہ کے متعلق لوک پول کی پیش قیاسی کے متعلق آگہی حاصل کی جائے۔ لوک پول کی جانب سے جاری کئے گئے اعلان کے مطابق تلنگانہ ریاستی اسمبلی کے انتخابی نتائج کے سروے کی تفصیلات 5 اکٹوبر کو شام 6 بجے پیش کی جائیں گی۔ لوک پول سروے میں پڑوسی ریاست کرناٹک کے انتخابات سے قبل جاری کئے گئے اعداد و شمار پر کسی بھی ادارہ نے یقین نہ کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز سروے قرار دیا تھا کیونکہ ’’لوک پول‘‘ واحد سروے تھا جس میں انتخابات سے قبل کرناٹک میں کانگریس کو 129تا134 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور کانگریس نے 135 نشستوں پر کرناٹک میں کامیابی حاصل کی ۔ اسی طرح لوک پول سروے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 59تا65 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 66 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ لوک پول سروے کے مطابق جے ڈی ایس کو 23تا28نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور جب نتائج منظر عام پر آئے تو اس میں جے ڈی ایس کو 19 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ لوک پول سروے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ان کے ادارہ کی جانب سے کروائے گئے سروے کی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے گی اور تلنگانہ میں سیاسی جماعتوں کے موقف کے سلسلہ میں پیش قیاسی کی جائے گی۔ لوک پول کی جانب سے کئے گئے سروے کے متعلق کہا جار ہاہے کہ تمام تلنگانہ کی سیاسی جماعتوں کی نظریں اس سروے پر ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اس ادارہ کے ذمہ داروں سے رابطہ کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ادارہ کے ذمہ دار کسی بھی سیاسی جماعت سے رابطہ میں آئے بغیر سروے رپورٹ کی اجرائی کا منصوبہ تیار کئے ہوئے ہیں۔لوک پول کی جانب سے مدھیہ پردیش کے انتخابات کا ایک ماہ طویل سروے کرنے کے بعد مدھیہ پردیش میں کانگریس کو سادہ اکثریت کی پیش قیاسی کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 130تا135 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو 90تا95 نشستوں پر کامیابی کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔اسی طرح بی ایس پی کی ایک یا دو نشستوں پر کامیابی کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات میں لوک پول کے سروے کے مطابق کانگریس کو 56تا60نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ بی جے پی کو 25تا29 نشستوں پر کامیابی کے امکان ظاہر کئے گئے ہیں۔