عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت ، سنگاریڈی میں تربیتی پروگرام کا انعقاد
سنگا ریڈی ۔11 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انتخابات کے ضابطوں کے مطابق فرائض انجام دئیے جائیں ۔ گرام پنچایت انتخابات کے لئے اسسٹنٹ ریٹرننگ عہدیدار کی پہلے مرحلے کی تربیت پروگرام کے موقع پر ضلع کلکٹر سنگاریڈی وی کرانتی نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات کو الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق ذمہ داری کے ساتھ انجام دینا ہوگا ۔ ضلع پنچایت افسر سائی بابا نے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں مرحلہ ایک اور مرحلہ 2 کے ریٹرننگ عہدیدار اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لئے پہلا تربیتی پروگرام منعقد کیا جس میں ضلع کلکٹر وی کرانتی اور ایڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کرانتی نے الیکشن ریٹرننگ عہدیدار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو قواعد و ضوابط کی مکمل واقفیت ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے نام بیلٹ پیپر میں حروف تہجی کے حساب سے چھاپے جائیں اور ووٹر لسٹ میں نام کو حروف تہجی کے حساب سے رکھا جائے تو مسائل کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امیدوار کاغذات نامزدگی کے کتنے سیٹ جمع کراتے ہیں تو تمام کاغذات نامزدگی کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے اور ان میں سے کتنی قبول کی گئی ہیں، کتنی مسترد کی گئی ہیں اور اس کی وجوہات کا انکشاف کیا جانا چاہیے۔ نوٹیفکیشن کی تاریخ سے روزانہ کی رپورٹ فوری طور پر اعلیٰ حکام کو بھیجیں اور امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو اسکین کرکے متعلقہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں ۔ کلکٹر نے مشورہ دیا کہ بیلٹ پیپر کو دستبرداری کے عمل کے بعد احتیاط سے تیار کیا جائے اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے نام، انہیں الاٹ کردہ نشانات کے حساب سے رکھیں۔ انھوں نے انتخابی عملہ پر زور دیا کہ وہ انتخابات کو کسی اعتراض کے بغیر شفاف طریقے سے انجام دیں۔