انتخابی ضابطہ اخلاق، کالادھن منتقل کرنے والوں کی نیندیں حرام

   

متحدہ نظام آباد میں ایک دن میں 45 تولہ سونا، 17 کیلو چاندی اور 33 لاکھ روپئے ضبط

نظام آباد :18؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کے بعد کالا دھن منتقل کرنے والوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ۔ کل صرف ایک ہی دن میں الگ الگ مقامات پر تلاشی و تنقیح کے دوران 45تولہ سونا ، 17 کلو چاندی اور 33.25لاکھ نقد رقم برآمد و ضبط کی گئی ۔ متحدہ ضلع نظام آباد و کاماریڈی میں بڑے پیمانے پر تلاشی و تنقیح کی جارہی ہے ۔ عہدیداران پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کل تلاشی کے دوران نظام آباد کاماریڈی ضلع میں تنقیح کے دوران نظام آباد شہر کے IVٹائون پولیس اسٹیشن کے حدود میں19لاکھ روپئے نقد رقم ، یلاریڈی میں 5.48لاکھ نقد رقم ، مدنور منڈل کے سلابت پور چیک پوسٹ پر 2.70لاکھ نقد رقم ، بھکنور منڈل کے نواح میں 2لاکھ روپئے نقد رقم ، کوٹگیر منڈل کے پوتنگل چیک پوسٹ پر 1.39لاکھ نقد رقم ، کمر پلی میں 45.9 تولہ سونا ، 17کلو چاندی برآمد و ضبط کی گئی ۔ کاماریڈی ضلع مستقر میں سرسلہ روڈ پر 1.50لاکھ نقد رقم ، ٹیکریال کے نواح میں 1.18لاکھ نقد رقم برآمد و ضبط کی گئی ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کئے جانے کے ساتھ ہی ساری ریاست میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور انتخابات میں نقد رقم اور شراب کی تقسیم کو روکنے کیلئے چیک پوسٹ قائم کرنے اور شہری علاقوں میں چوراہوں پر تلاشی و تنقیح کے دوران بڑے پیمانے پر نقد رقم برآمد ہورہی ہے جو کالا دھن کہلاتی ہے الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق عام افراد کو 50ہزار سے زائد رقم رکھنے پر دستاویزات پیش کرنا لازمی ہے لیکن لاکھوں روپئے نقد رقم برآمد و ضبط کی جارہی ہے جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ عام دنوں میں کس قدر بڑے پیمانے پر کالا دھن اِدھر اُدھر کیا جاتا ہے ۔