رقومات اور اشیاء کی راست اور آن لائن منتقلی پر گہری نظر
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد ریاست میں الیکشن کمیشن آف انڈیا اور تلنگانہ چیف الکٹورل آفیسر کے عملہ کی جانب سے صرف رقومات کی منتقلی یا رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے تقسیم کئے جانے والی اشیاء پرنظر رکھتے ہوئے انہیں ضبط کرنے کے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں بلکہ ریاست میں آن لائن رقومات کی منتقلی پر بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے نظر رکھی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس سلسلہ میں ریزرو بینک آف انڈیا اور بینکوں کی جانب سے استعمال کئے جانے والے ایپ کی تفصیلات پر خصوصی نگاہ رکھی جا نے لگی ہیں ۔ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت انہیں آن لائن رقومات کی منتقلی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ کو بھاری رقومات کی منتقلی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں آن لائن بڑی رقومات کی منتقلی کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مسلسل کسی کھاتہ سے رقومات کی منتقلی کے علاوہ کسی ایک کھاتہ سے 10لاکھ روپئے سے زائد رقم منتقل کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں الیکشن کمیشن فوری طور پر انکم ٹیکس عہدیداروں کے ہمراہ مل کر کاروائی کرتے ہوئے منتقل کرنے والوں اور جن کے کھاتہ میں رقم منتقل کی گئی ہیں ان کی مکمل تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کے خلاف کروائی کرے گا۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں کے علاوہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں قائم کئے گئے چیک پوسٹس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے فلائینگ اسکواڈ کی جانب سے شہر میں مختلف مقامات پر اچانک تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے اور ممکنہ حد تک اس تلاشی مہم کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا رہی ہے تاکہ محکمہ پولیس اور انتخابی عملہ کی کاروائی کا ثبوت رہ سکے اور ان پر کسی قسم کے کوئی الزامات عائد نہ کئے جائیں ۔ آن لائن بینک کھاتوں کے ذریعہ رقومات کی منتقلی کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے ذرائع سے موصولہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں اگر کسی کھاتہ سے معمولی رقومات بھی مسلسل منتقل کی جاتی ہیں اور اگر کسی کھاتہ سے بڑی رقم منتقل ہوتی ہے تو ایسی صورت میں چیف الیکشن کمیشن کو مطلع کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔