انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کیلئے مبصرین کو ہدایت

,

   

شہر کے تمام بلدی ڈیویژنس کے مبصرین کا اجلاس، الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا خطاب

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں پرامن اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مزید مبصرین کا تقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ نو نامزد کردہ مبصرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے کہا کہ مبصرین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انتخابات کے انعقاد سے لے کر نتیجہ کے اعلان تک وہ الیکشن کمیشن کے نمائندہ کے طور پر ضابطہ اخلاق اور انتخابی قواعد پر عمل آوری کے پابند رہیں گے ۔ پارتھا سارتھی نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 6 مبصرین نے اپنی کارکردگی کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ہر زون کے لئے مزید دو مبصرین کا تقرر کیا تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور چناؤ کے بہتر انعقاد میں مدد ملے ۔ انہوں نے کہا کہ مبصرین انتخابی عمل کی تکمیل تک پانچ مرتبہ اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن ، رائے دہی سے تین دن قبل ، رائے دہی کے فوری بعد ، رائے شماری کے بعد اور آخری رپورٹ انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مبصرین کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن رائے دہی ، رائے شماری اور انتخابی نتائج کے اعلان کے اقدامات کرے گا ۔ مبصرین کو چاہئے کہ انہیں الاٹ کئے گئے علاقوں کی تمام تر سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ ضرورت پڑنے پر ویڈیو گرافی ٹیم کو ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات خاص طور پر سیکوریٹی انتظامات پر توجہ دی جائے۔