انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، مجلسی کارپوریٹر پر مقدمات

   

ڈرون کیمرہ ، ڈی جے اور ریالی پر بھی کارروائی و گرفتاریاں
حیدرآباد ۔9۔نومبر (سیاست نیوز) مجوزہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے دونوں شہروں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی قائدین اور پارٹی کارکنوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں چادر گھاٹ پولیس نے چھاؤنی ڈیویژن کے مجلسی کارپوریٹر محمد عبدالسلام شاہد اور دیگر حامیوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انسپکٹر چادر گھاٹ وائی پرکاش ریڈی نے بتایا کہ کارپوریٹر شاہد نے انتخابی ریالی کیلئے 400 افراد کی اجازت حاصل کی تھی لیکن اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 800 سے زیادہ افراد نے ریالی میں شرکت کی اور سڑک پر آتشبازی کی جس کے نتیجہ میں 30 منٹ تک ٹریفک متاثر رہی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کارپوریٹر محمد عبدالسلام شاہد ، سید عبداللہ رضوی اور محمد حبیب کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں سی آر پی سی کی نوٹس جاری کرتے ہوئے رہا کردیا۔ ایک اور مقدمہ میں ملک پیٹ پولیس نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی انتخابی مہم میں خلل پیدا کرتے ہوئے اور دھمکانے پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ فہاد بن محمد ساکن موسیٰ رام باغ نے موسیٰ رام ڈیویژن کے کانگریس صدر ایل سرینواس گوڑ اور شیخ اکبر کو علاقہ میں انتخابی مہم چلانے میں رکاوٹ پیدا کی اور دھمکایا۔ پولیس نے اس کیس میں فہاد بن محمد کو گرفتار کرلیا اور انہیں نوٹس جاری کیا۔ اسی قسم کے ایک اور کیس میں بغیر اجازت ڈرون کیمرہ کے استعمال کرنے پر بی جے پی لیڈر پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گولیکر دھیرج بی جے پی کنوینر نے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں انتخابی مہم کے دوران ڈی جے اور ڈرون کیمرہ کا استعمال کیا جس پر پولیس ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس دبیر پورہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق محمد عدنان قمر ساکن چنچل گورہ نے انتخابی ریالی کیلئے 300 افراد کی اجازت حاصل کی تھی جس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑک پر آتشبازی کی۔ دبیر پورہ پولیس نے محمد عدنان قمر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ ملک پیٹ پولیس نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے کانگریس امیدوار شیخ اکبر اور بی آر ایس کے امیدوار اجیت ریڈی کے خلاف چادرگھاٹ پولیس نے اسی قسم کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ب