انتخابی ضابطہ اخلاق کے قواعد کے تحت مہم چلائیں

   

سیاسی قائدین سے ضلع کلکٹر کی خواہش ، میدک میں اجلاس
میدک ۔10 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر میدک مسٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا عمل نافذ ہوچکا ہے ۔ ضلع کلکٹر جو ضلع میدک کے بحیثیت ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھی ہیں انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں اور پولیس آفیسرس کے ہمراہ منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس کے دوران یہ بات کہی ۔ انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضابطہ پر عمل آوری کرتے ہوئے ضلع کی دو اسمبلی نشستوں میدک اور نرساپور میں منصفانہ و آزادانہ رائے دہی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور تمام قائدین وکارکنوں کو چاہئے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے قواعد کے مطابق اپنی مہم چلائیںورنہ سخت قانونی کارروائیاں بلا لحاظ سیاسی وابستگی کی جائیگی ۔ اس پریس کانفرنس میں ضلع ایس پی میدک روہنی پریہ درشنی ، ایڈیشنل کلکٹر جی رمیش اور وینکٹیشورلو بھی موجود تھے ۔ انھوں نے کہاکہ سرکاری مقامات پر کوئی انتخابی مہم نہ چلائیں اور نہ مذہبی مقامات پر اسی طرح مذہبی مقامات پر کوئی اشتہار نہ لگائیں۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری گیسٹ ہاؤز انتخابی انتظامیہ کے کنٹرول میں ہوں گے ۔