انتخابی عمل کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت

   

ضلع ایس پی نے نارائن پیٹ کے مواضعات میں پولنگ بوتھس کا معائنہ کیا

نارائن پیٹ ۔19۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے نارائن پیٹ ضلع کے دامرگدہ منڈل کے مواضعات وتوکنڈلہ ، باپن پلی ، مدل بیڑ کا دورہ کرتے ہوئے موضع کے تمام پولنگ بوتھس کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر متعلقہ آفیسروں کو ہدایت کی کہ پولنگ بوتھس کے 200 میٹر فاصلے پر بیت الخلا ، حفاظتی دیوار ، بجلی ، پانی اور پولیس فورس کا مناسب انتظام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے عہدیداروں اور اساتدہ کو قبل ازوقت ان تمام چیزوں کو پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ان مواضعات کے سربراہوں اور پنچایت عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آنے والے انتخابات کے دن پولنگ آفیسران و ملازمین و عملہ کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے پائے اور بغیر کسی رکاوٹ کے لوگ حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ سورش زدہ علاقوں میں کسی بھی قسم کی نقص امن اور رائے دہی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کو بخشا نہیں جائیگا ۔ انہوں نے مواضعات کی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی جب گاؤں کے عوام پرامن طریقہ سے سرکاری تقاریب و تہوار مل جل کر منائیں ۔ انہوں نے گنیش اُتسو تقاریب کو پرامن طریقہ سے منانے کی اپیل کی اور گنیش وسرجن کی پیشگی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے پہلے ہی پولیس کو 8712670399 پر اطلاع دینے کو کہا اس موقع پر سرکل انسپکٹر مسٹر سریکانت ریڈی ، ایس آئی مسٹر سرینواس و گاوں کے ذمہ داران موجود تھے ۔