انتخابی فائدہ کیلئے فلاحی اسکیمات کا آغاز نہیں کیا گیا

   

حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت انتخابی فائدہ کیلئے فلاحی اسکیمات کے آغاز پر یقین نہیں رکھتی۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے کے سی آر حکومت نے غریبوں اور کمزور طبقات کیلئے جن فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ ہریش راؤ نے گجویل میں حکومت کی جانب سے منظورہ شادی مبارک اورکلیان لکشمی اسکیمات کے چیکس ‘استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ انہوں نے نئے منظورہ راشن کارڈس کی تقسیم بھی عمل میں لائی ہے۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں 90.5 فیصد آبادی کو راشن کارڈ سے چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں 90 فیصد سے زائد غریب خاندانوں کو عوامی نظام تقسیم کے ذریعہ چاول سربراہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اسکیمات پر عمل کیا جاتا ہے اور حکومت کے پاس عوام کا مستحق ہونا اصل شرط ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی اور دیگر عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست بھر میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کسی بھی شخص کو غذا سے محروم نہیں دیکھ سکتی۔ عوام کی مشکلات کے حل کو کے سی آر حکومت نے ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ابھی تک 87.41 لاکھ افراد کو راشن کارڈس جاری کئے جاچکے ہیں۔ مزید تین لاکھ 9083 افراد کو دوسرے مرحلہ میں راشن کارڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ مجموعی طور پر راشن کارڈ ہولڈر کی تعداد 90 لاکھ 50 ہزار ہوجائے گی۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ راشن کارڈس کے استفادہ کنندگان کی تعداد دو کروڑ 79 لاکھ 23 ہزار ہے۔ نئے کارڈس کے ذریعہ ہر ماہ مزید 14 کروڑ لاگت سے 5200 میٹرک ٹن چاول سربراہ کیا جائے گا ۔ عوامی نظام تقسیم کے لئے حکومت ہر ماہ 231 کروڑ اور سالانہ 2766 کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کی جانب سے کلیان لکشمی اسکیم کی مخالفت کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت 16 ریاستوں میں غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد کی کوئی اسکیم نہیں ہے۔ بعض گوشوں سے تنقید کی جارہی ہے کہ صرف انتخابی فائدہ کیلئے اسکیمات پر عمل کیاجارہا ہے ۔ ٹی آر ایس اور اس کی قیادت تلنگانہ اور اس کے عوام کے لئے کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات سے استفادہ کرنے والے افراد حکومت کی نیت سے واقف ہیں اور اپوزیشن کی تنقیدوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ہریش راؤ نے ایک اور تقریب میں تاڑی تاسندوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔