انتخابی فہرست جامع اور غلطیوں سے پاک تیار کی جائے

   

چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی اضلاع کے کلکٹرس و دیگر آفیسرس کو ہدایت ، ویڈیو کانفرنس
سنگاریڈی ۔26 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی پروینیا سے ویڈیو کانفرنس میں کہا ہے کہ انتخابی فہرست کی خصوصی نظر ثانی کے عمل کو غلطیوں سے پاک اور جامع انداز میں مکمل کیا جانا چاہئے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے الیکشن افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار نے دیگر افسران کے ہمراہ حیدرآباد میں ریاستی الیکشن آفس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تمام اضلاع کے کلکٹرس، ضلع الیکشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سدرشن ریڈی نے بتایا کہ 2025 کی انتخابی فہرست کا موازنہ 2002 کی فہرست سے کیا گیا ہے۔ اس عمل میں ریاست بھر کے رائے دہندوں کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے زمرہ A: 1987 سے پہلے پیدا ہونے والے ووٹرز، جو 2002 اور 2025 دونوں فہرستوں میں شامل ہیں زمرہ B: 1987 سے پہلے پیدا ہونے والے ووٹرز جو 2002 کی فہرست میں شامل نہیں، مگر 2025 کی فہرست میں شامل ہیں زمرہ C: 1987 سے 2002 کے درمیان پیدا ہونے والے ووٹرز جو 2025 کی فہرست میں شامل ہیں زمرہ D: 2002 سے 2007 کے درمیان پیدا ہونے والے ووٹرز انہوں نے بتایا کہ ان چاروں زمروں میں ریاست بھر کے مجموعی طور پر 3 کروڑ 33 لاکھ ووٹرز کا نقشہ تیار کیا گیا ہے سدرشن ریڈی نے مزید کہا کہ پہلے زمرہ A کے ووٹرز کی تصدیق BLO ایپ کے ذریعے کی جائے گی، اور یہ معلومات خود بخود الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پورٹل پر اپ ڈیٹ ہو جائیں گی۔ بعد ازاں زمرہ C اور D کے ووٹرز کو زمرہ A کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ یہ عمل بی ایل او سپروائزرز اور بی ایل اوز کے ذریعہ اگلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و کلکٹر پی. پروینیا نے بتایا کہ بی ایل اوز اور سپروائزرز کے لیے تربیتی پروگرام جاری ہیں۔ زمرہ A کی تصدیق مکمل ہوتے ہی زمرہ C اور D کو اس سے منسلک کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں رکھی جائے گی اور تمام کام مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) مادھوری، آر ڈی او راجندر اور دیگر الیکشن عہدیداران و عملہ بھی موجود تھا۔