انتخابی فہرست میں ’مردہ ‘ کونسلر شمشان گھاٹ پہونچ گئے

   

Ferty9 Clinic

میری آخری رسوم انجام دی جائیں، ترنمول کانگریس لیڈر سوریہ کا مطالبہ

کولکاتا 16 ڈسمبر (ایجنسیز) ترنمول کانگریس کے کونسلر آج کولکاتا کے قریب واقع شمشان گھاٹ پہونچے اور مطالبہ کرنے لگے کہ اُن کی آخری رسومات انجام دی جائیں۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ الیکشن کمیشن انتخابی فہرست کے مسودہ میں اُنھیں ’مُردہ‘ ووٹروں میں شامل کرچکا ہے۔ مغربی بنگال کی مسودہ انتخابی فہرستوں میں متوفی اور نقل مکانی کرنے والے ووٹروں کی بوتھ واری فہرست آج جاری کی گئی۔ دانکنی میونسپلٹی کے وارڈ 18 کے ٹی ایم سی کونسلر سوریہ دے نے کہاکہ خصوصی جامع نظرثانی کے عمل سے مربوط فہرستوں میں جب اُنھوں نے اپنا نام ڈھونڈا تو اُن کا نام مُردہ افراد میں شامل پایا، حالانکہ اُنھوں نے بوتھ لیول آفیسر کو اپنا فارم پیش کیا تھا۔ سوریہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن اُنھیں مُردہ قرار دے چکا ہے، اِس لئے بقیہ کام بھی مکمل کیا جائے۔ اُنھوں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ کالی پور شمشان گھاٹ جاتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کمیشن کے عہدیداروں کو آنے دیجئے اور جو اُن کی آخری رسوم انجام دیں گے۔ اُنھوں نے اِس انتظامی کوتاہی کو نہایت سنگین بتایا۔ سوریہ نے کہاکہ میں منتخب عوامی نمائندہ ہوں، اگر مجھے زندہ ہونے کے باوجود کاغذوں پر مُردہ دکھایا جاسکتا ہے تو قیاس کیجئے کہ عام ووٹروں کے ساتھ کیا کچھ ہوسکتا ہے۔ اُنھوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ایسی سنگین غلطیوں کے لئے ذمہ دار قرار دیا جسے اُنھوں نے اہل ووٹروں کے نام حذف کرنے کے پس پردہ منصوبہ بند سازش بتایا۔سوریہ نے کہاکہ وہ ایس آئی آر کے تحت تمام کاغذات داخل کرچکے ہیں۔