تلنگانہ میں 35635 پولنگ مراکز، 51 لاکھ نئے ووٹر شناختی کارڈس کی تقسیم: وکاس راج
حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی اخراجات پر نظر رکھنے کے لئے 60 خصوصی مبصرین کا تقرر کیا گیا ہے۔ وکاس راج نے رائے دہی کی تیاریوں اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وکاس راج نے بتایا کہ ریاست میں 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 9.9 لاکھ ہے۔ سروس ووٹرس نے حق رائے دہی استفادہ کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ اسمبلی چناؤ کی رائے دہی کے لئے 36 ہزار ای وی ایم مشینوں کو تیار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس مرتبہ 51 لاکھ نئے فوٹو شناختی کارڈ پرنٹ کرتے ہوئے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ تقسیم کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ 3 زمرہ جات سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوں کیلئے ہوم ووٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی جس کے تحت ابھی تک 9 ہزار افراد نے استفادہ کیا ہے۔ وکاس راج کے مطابق 86 فیصد ووٹر انفارمیشن سلپ رائے دہندوں میں تقسیم کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں جملہ پولنگ مراکز کی تعداد 35635 ہے۔ 6 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے مراکز کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولنگ مراکز پر تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور کاؤنٹنگ مراکز کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے۔ وکاس راج نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تحفظ اور آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی اوّلین ترجیح رہے گی۔