انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر بائیں بازو جماعتوں کا کانگریس کو الٹی میٹم

   

ڈاکٹر نارائنا کو بات چیت کی ذمہ داری
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بائیں بازو کی جماعتوں نے تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں انتخابی مفاہمت کیلئے کانگریس کو آخری مہلت دی ہے۔ سی پی آئی نے منگوڑ کی اسمبلی نشست کسی بھی صورت الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی پی آئی کی جانب سے کتہ گوڑم، وائیرا، منگوڑ، بیلم پلی اور حسن آباد اسمبلی حلقوں کے الاٹمنٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے سی پی آئی کو چنور، کتہ گوڑم کی نشستوں کا پیشکش کیا ہے۔ سی پی آئی کا کہنا ہے کہ چنور میں پارٹی کیلئے کیڈر اور لیڈر شپ مضبوط نہیں ہے لہذا چنور کے بجائے منگوڑ نشست الاٹ کی جائے۔ سی پی ایم نے بھدرا چلم، پالیرو، ابراہیم پٹنم، مریال گوڑہ اور کھمم نشستوں کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے بھدرا چلم سے سیٹنگ رکن اسمبلی پی ویریا کی امیدواری کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سی پی ایم نے مریال گوڑہ اور ابراہیم پٹنم نشستوں کی مانگ کی ہے۔ اب جبکہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی تاریخ قریب آرہی ہے بائیں بازو کی جماعتوں نے کانگریس قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد مفاہمت کو قطعیت دیں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا کو کانگریس قیادت سے بات چیت کی ذمہ داری دی گئی۔