انتخابی مہم میں اسلحوں کا استعمال، مقدمہ درج

   

دیوریا: اترپردیش کے ضلع دیوریا کے رودرپور اسمبلی سیٹ سے سماج وادی پارٹی(ایس پی) امیدوار رام بھوال نشاد کے عوامی رابطہ مہم میں دو حامیوں کے پاس اسلحہ ملنے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایس پی امیدوار نشاد دو لائسنسی اسلحہ افراد کے ساتھ 12فروری کو انتخابی مہم میں شرکت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک اسلحہ رامبھوال نشاد اور ایک ان کی بیوی کے نام سے ہے ۔ پولیس نے اس معاملے میں رام بھوال نشاد اور ان کے حامیوں کے خلاف آرمس ایکٹ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا ہے ۔پولیس کے مطابق دونوں اسلحوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے ۔تھانہ مدن پور انچارج نے بتایا کہ اسکریننگ کمیٹی نے رام بھوال نشاد کو اسلحہ جمع نہ کر کے گھر پر رکھنے کی چھوٹ دی تھی لیکن پابندی کے باوجود ایس پی امیدوار اسے لے کر انتخابی تشہیر کررہے تھے جو پوری طرح سے ممنوع ہے ۔