انتخابی مہم کی پابندیوں میں مزید نرمی :الیکشن کمیشن

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اتوار 20 فبروری کو ملک میں کورونا کے کیسیس میں کمی کے پیش نظر انتخابی تشہیر پر عائد پابندیوں میں مزید نرمی پیدا کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اور ریاستی پارٹیوں کی انتخابی تشہیر کیلئے اسٹار قائدین کی تعداد کو بحال کرتے ہوئے 40 کردیا ہے۔ مسلمہ جماعتوں کے علاوہ دیگر کیلئے یہ تعداد 20 ہوگی۔ جاریہ ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نام اپنے مکتوب میں بتایا کہ کورونا کے نئے کیسیس اور فعال کیسیس میں بتدریج کمی پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے پابندیوں میں کمی کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انتخابی مہم کیلئے اسٹار قائدین کی اعظم ترین حد کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ منی پور اسمبلی کے دو مرحلہ کے انتخابات کے علاوہ اترپردیش میں پانچویں ، چھٹویں اور ساتویں مرحلہ کے علاوہ آسام میں ایک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کو اپنے مزید قائدین کے نام پیش کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے آخری تاریخ 23 فبروری مقرر کی گئی۔