ترن تارن، 9 نومبر (یو این آئی) پنجاب میں ترن تارن اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کے لیے مہم چلانے کے دوران کانگریس لیڈر اور سابق ایم ایل اے ترلوچن سنگھ سندر ہفتہ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔ اس المناک واقعہ کے پیش نظر کانگریس نے ترن تارن انتخابات کے لیے اتوار کے روز ہونے والا اپنا روڈ شو منسوخ کر دیا ہے ۔ پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ان کی روح کو سکون ملے اور ان کے خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت ملے ۔ مجھے کانگریس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے مسٹر ترلوچن سنگھ سندر کے انتقال سے بہت رنج ہوا ہے ۔ ان کے خاندان، دوستوں اور حامیوں سے میری دلی تعزیت۔” ترن تارن اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کے امیدوار کرنبیر سنگھ کرن برج کے لیے مہم چلاتے ہوئے مسٹر ترلوچن سندر کو ہفتہ کی رات تقریباً 7:45 بجے دل کا دورہ پڑا۔ انہیں علاج کے لیے ترن تارن کے سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ سول اسپتال ترن تارن کے ایس ایم او ڈاکٹر سریندر کمار نے سابق ایم ایل اے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تو وہ پہلے ہی مر چکے تھے ۔ دیر رات جب اس کے اہل خانہ سول اسپتال پہنچے تو قانونی کارروائی کے بعد پولس نے بغیر پوسٹ مارٹم کے ان کی لاش لواحقین کے حوالے کردی۔ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پرتاپ سنگھ باجوہ، پنجاب کانگریس تنظیم کے جنرل سکریٹری کیپٹن سندیپ سنگھ سندھو، کھڈور صاحب کے سابق رکن اسمبلی جسبیر سنگھ ڈمپا، ترجمان نریندر سنگھ سندھو، امیدوار کرنبیر سنگھ کرن برج، اوتار سنگھ تنیجا، سکھ دیو سنگھ داسکے نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
