انتخابی نتائج کے 36 یوم بعد تلنگانہ اسمبلی کا پہلا اجلاس

,

   

چیف منسٹر کے بشمول 114 منتخب ارکان کو عبوری اسپیکر محمد ممتاز احمد خاں نے حلف دلایا ، 5 ارکان اجلاس سے غیرحاضر

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کا قیام عمل میں آنے کے بعد دوسری مرتبہ تشکیل پانے والی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس اسمبلی نتائج کا اعلان ہونے کے 36 یوم بعد آج 11:30 بجے سے شروع ہوا۔ 119 رکنی تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں آج نومنتخبہ 113 ارکان اسمبلی اور ایک نامزد اینگلو انڈین رکن اسمبلی اسٹیفن جملہ 114 ارکان اسمبلی کو زائد از دو گھنٹوں کے دوران عبوری اسپیکر تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل اسمبلی جناب محمد ممتاز احمد خاں نے حلف دلایا جبکہ 119 رکنی ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس جہاں بشمول نامزد اینگلو انڈین رکن اسمبلی نے حلف لیا، وہیں پانچ ارکان اسمبلی مسرز اکبرالدین اویسی اور جعفر حسین معراج (مجلس) (جوکہ بیرونی ممالک کے دورہ پر ہیں) ایم کرشنا راؤ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (جوکہ بتایا جاتا ہے کہ تروپتی مندر درشن کیلئے گئے ہوئے ہیں)، ایس وینکٹ ویریا تلگو دیشم پارٹی (جوکہ بتایا جاتا ہے کہ گرام پنچایت الیکشن میں مصروف ہیں) اور راجہ سنگھ بی جے پی (جوکہ قبل ازیں پہلے دن کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرچکے تھے) اسمبلی اجلاس سے غیرحاضر رہے۔ علاوہ ازیں محمد ممتاز احمد خاں عبوری اسپیکر اسمبلی گزشتہ دن ہی گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے ذریعہ حلف لے چکے تھے۔ عبوری اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی محمد ممتاز احمد خاں نے اسمبلی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہونے کے ساتھ سب سے قائد ایوان و چیف منسٹر تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 11 بجکر 35 منٹ پر حلف لینے کے بعد اسپیکر پوڈیم پر پہنچ کر عبوری اسپیکر محمد ممتاز احمد خاں سے ملاقات کی اور پھر اسمبلی رجسٹر میں اپنی دستخط ثبت کی۔

چیف منسٹر کے حلف لینے کے بعد حروف تہجی کے لحاظ سے اسمبلی کے نومنتخب 6 خاتون ارکان اسمبلی شریمتی اجمیرا ریکھا (ٹی آر ایس)، شریمتی انسویا دھنا سری (کانگریس) ، شریمتی جی سنیتا (ٹی آر ایس)، شریمتی بانوت ہری پریہ (کانگریس)، شریمتی پدما دیویندر ریڈی (ٹی آر ایس) اور شریمتی پی سبیتا اندرا ریڈی (کانگریس) کو حلف دلایا گیا۔ بعدازاں حروف تہجی کے لحاظ سے دیگر تمام ارکان اسمبلی کو حلف دلایا گیا۔ اسمبلی روایت کے مطابق چیف منسٹر کے بعد قائد اپوزیشن کو حلف دلایا جانا چاہئے لیکن اہم اپوزیشن کانگریس پارٹی نے اپنے قائد مقننہ پارٹی کے انتخاب کا فیصلہ کرکے کسی نام کا اعلان نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے قائد اپوزیشن کو فوری بعد حلف نہیں دلایا جاسکا۔ دیگر ارکان میں سب سے پہلے حروف تہجی کے لحاظ سے ٹی آر ایس رکن اسمبلی وی ایم ابراہم نے حلف لیا اور سب سے آخر میں ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی وی پرشانت ریڈی نے حلف لیا۔ عبوری اسپیکر اسمبلی جناب محمد ممتاز احمد خاں نے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جی سائنا کو (جوکہ پیر میں فریکچر کی وجہ سے چلنے کے موقف میں نہیں ہیں) وہیل چیر کے ذریعہ ایوان میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے حلف لینے کے بعد ان سے ملاقات کرنے سے بھی استثنیٰ دینے کا اعلان کیا۔ ایوان میں اسمبلی ارکان کی حلف برداری کے اختتام کے فوری بعد عبوری اسپیکر ممتاز احمد خاں نے ایوان کی کارروائی کو کل 18 جنوری کو 11 بجے تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اسمبلی اجلاس کا آج سے آغاز ہوا اور 20 جنوری تک جاری رہے گا۔