انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت سنجیدہ : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہاکہ 15 اگسٹ سے قبل کانگریس حکومت وعدے کے مطابق کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا عمل شروع کردے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت سنجیدہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج پردیش کانگریس کمیٹی کے کسان سل کے صدر ایس انویش ریڈی کو تلنگانہ اسٹیٹ سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اِس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے حکومت اسکیمات پر مؤثر انداز میں عمل کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن نے کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرض کی معافی پر عمل آوری کو ناممکن قرار دیا تھا۔ سرکاری خزانے کی کمزور صورتحال کے باوجود کانگریس حکومت نے قرض معافی کے وعدے پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں کسانوں کو فائدہ پہونچے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے اسکیم کے لئے مستحق کسانوں کی نشاندہی کا آغاز کردیا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں فصلوں کیلئے قرض حاصل کرنے والے کسان معاشی طور پر مسائل کا شکار ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کسانوں کی معاشی بدحالی دور کرنے کیلئے قرض معافی اسکیم کو ترجیح دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کا ڈسمبر 2023 ء میں آغاز کردیا گیا جس کے تحت کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے حق میں ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو سیراب کیا جاسکے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر ہزاروں کروڑ روپئے کی بے قاعدگیاں کی ہیں۔ کمیشن کے لئے تعمیر کئے گئے پراجکٹس سے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ پر ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے گئے لیکن پراجکٹ سے ایک لاکھ ایکر اراضی کو سیراب نہیں کیا جاسکا۔ تلنگانہ سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالنے پر انویش ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے اُمید ظاہر کی کہ کسانوں کو معیاری بیج کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ نقلی بیج اور کھاد کی سربراہی کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی 70 فیصد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے۔ 1