بی آر ایس ارکان کو گمراہ کن پروپگنڈے سے گریز کا مشورہ، اسمبلی میں کانگریس رکن بالو نائک کی تقریر
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن بالو نائک نے دعویٰ کیاکہ ریونت ریڈی حکومت نے اقتدار کے 15 ماہ میں تمام اہم انتخابی وعدوں کی تکمیل کردی ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بالو نائک نے کہاکہ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے 15 ماہ میں 58 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب خاندانوں کو 500 روپئے میں گیس سیلنڈر کی سربراہی کے علاوہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ یہ اسکیم دراصل کانگریس کی شروع کردہ ہے جسے بی آر ایس نے برقرار رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت سے غریب خاندانوں کو عصری علاج کے حصول میں مدد ملی ہے۔ بالو نائک نے بی آر ایس رکن ہریش راؤ پر ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ بجٹ سے متعلق جو اعداد و شمار پیش کئے گئے وہ حقائق سے بعید ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی مقصد براری کے لئے بی آر ایس قائدین حکومت کی اسکیمات کی مخالفت کررہے ہیں۔ بالو نائک نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں پراجکٹس کے نام پر سرکاری رقومات کا بیجا استعمال کیا گیا اور قائدین نے کمیشن حاصل کیا تھا۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے نتیجہ میں بیروزگار نوجوانوں کو نقصان ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری محکمہ جات میں تقررات پر سابق حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی تھی جس کے نتیجہ میں لاکھوں کی تعداد میں بیروزگار نوجوانوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ بی آر ایس نے خواتین کو صرف اپنے جلسوں اور جلوسوں میں مدعو کیا لیکن اُن کے لئے ایک بھی فلاحی اسکیم شروع نہیں کی گئی۔ کانگریس نے اقتدار کے حصول کے چند گھنٹوں میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی۔ بالو نائک نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی انتخابی وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہیں اور آنے والے دنوں میں باقی وعدوں کو عملی شکل دی جائے گی۔ کانگریس رکن نے بی آر ایس ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کو تسلیم کریں اور حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ سے باز آجائیں۔ 1