عادل آباد میں قومی پرچم کشائی ، محمد علی شبیر کا خطاب
عادل آباد ۔17 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہندوستان کو آزادی 15 اگسٹ 1947ء کو انگریزوں سے ملی تھی اس کے بعد بھی ملک کے مختلف ریاستوں میں بادشاہی حکومت کا سلسلہ برقرار تھا ۔ حیدرآباد دکن بھی جس میں تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے چند اضلاع مہاراشٹرا کے چند اور کرناٹک کے چند اضلاع حیدرآباد دکن میں شامل تھے اور نظام حکومت کا دور برقرار تھا ۔ وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی قیادت میں کانگریس کے قائدین نے نظام حکومت کے سربراہ سے گفت شنید کرتے ہوئے حیدرآباد دکن کو انڈین یونین میں شامل کرلیا اس طرح زائد از 13 ماہ کے بعد 17 ستمبر 1948 ء کو نظام اپنی حکومت سے دستبردار ہوئے ان خیالات کا اظہار مسٹر محمد شبیر علی ریاستی قانونی مشیر نے مستقر عادل آباد کے دفتر کلکٹریٹ میں پرچم کشائی کے بعد عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے ریاستی حکومت اور چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری ہے اور ریاستی عوام اس سے استفادہ کررہے ہیں ۔ اس موقع پر مسٹر محمد شبیر علی نے مختلف اسکیمات کا تذکرہ بھی کیا ۔ قبل از موصوف نے یادگار شہیدا پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور قومی پرچم کو لہرایا جبکہ اس موقع پر عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راج رشی شاہ عادل آباد ، ایس پی مسٹر غوث عالم کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری عہدیداروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔