انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے ڈھائی لاکھ کروڑ کی ضرورت

   

حکومت وائیٹ پیپر جاری کرے، ترجمان پی سی سی نظام الدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان نظام الدین نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے مالی موقف اور انتخابی وعدوں کی تکمیل سے متعلق ایکشن پلان کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نظام الدین نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ کو دولتمند ریاست ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن وہ کس طرح علی الحساب بجٹ پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے ہیں، ان کی تکمیل کیلئے دیڑھ لاکھ کروڑ روپئے کی ضرورت ہے جبکہ تلنگانہ میں ایک لاکھ کروڑ کا خسارہ بجٹ ہے۔ انہوں نے حکومت سے جاننا چاہا کہ وہ کس طرح ایک لاکھ کروڑ اضافی رقم کا انتظام کرے گی تاکہ عوامی وعدوں کی تکمیل کی جاسکے ۔ نظام الدین نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ عوام پر زائد بوجھ عائد کیا جائے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو اپنے ایکشن پلان کی وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے حکومت سے وائیٹ پیپر کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ارکان اسمبلی کی حلف برداری اور کابینہ کے بغیر کس طرح بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ کے سی آر بجٹ کے بارے میں غور کرنے کے بجائے سیاسی معاملات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کے لئے 15 ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت نے فی ایکر 10 ہزار روپئے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نظام الدین نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کیلئے 24 ہزار کروڑ کی ضرورت ہے جبکہ اضافی پنشن کیلئے 25 ہزار کروڑ درکار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 40 ہزار کروڑ کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ ریاست پہلے ہی دو لاکھ 20 ہزار کروڑ کی قرضدار ہے، یہ قرض کب اور کیسے ادا کیا جائے گا حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے ۔