نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے صدر کے عہدہ کے امیدواراور سابق آئی آر ایس افسرابرار احمد نے اسلامک کلچرل سنٹر کے اغراض و مقاصد کی تکمیل کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اور ان کے پینل کے انتخاب لڑنے کا مقصد اسلامک سنٹر کو جن مقاصد کے لئے قائم کیا گیا ہے اس کی تکمیل ہے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں گزشتہ شب انتخابی پروگرام سے خطاب کرتے ہو ے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد اسلامک سنٹر کو آگے لے جانا ہے اور اس کے اغرا ض و مقاصد کو بروئے کار لانا ہے تاکہ صحیح سمت میں یہ سنٹر آگے بڑھ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو طے کرنا ہے کہ کن لوگوں کو منتخب کرنا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم دیگر چیزوں میں یقین نہیں رکھتے صرف ہمارا کام بولے گا اور ہم لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے ۔سابق آئی پی ایس افسر قمر احمد نے لوگوں کی اسلامک سنٹر کے اغراض و مقاصد سے ناواقفیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 99فیصد لوگوں نے اسلامک سنٹر کے اغراض و مقاصد کو نہیں پڑھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامک سنٹر ایک سیکولر ادارہ ہے ، فرقہ وارانہ یکجہتی اس کا مقصد ہے ۔ اسلام کے بارے میں غلط فہمی کو دور کرنا اس کا مقاصد میں سے ایک ہے ۔ اسی کے ساتھ اس کے مقصد میں اسلامک کلچر کو فروغ دینا بھی ہے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ سماج کی ترقی، کیریئر گائیڈنس، کوچنگ سنٹر کے قیام پر ہمارا پینل توجہ دے گا۔ ساتھ انہوں نے اراکین سے الزا م تراشی سے گریز کرنے پر زور دیا۔اسلامک سنٹر کے سینئر رکن عمر ریاض نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ گزشتہ 20برسوں میں کچھ نہیں ہوا۔ سب کا کام کرنے کا اپنا اپنا انداز ہوتا ہے ۔ منفی چیزوں سے گریز کرتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ سنٹر کی ترقی کے لئے ہمیں خود سے وعدہ کرنا ہوگا اسی وقت سنٹر کی ترقی ہوگی۔انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے لائف ممبر اعلی سرکاری افسراور بورڈ آف ٹرسٹیز کے امیدوار انجینئرساجد علی نے کہا کہ ہمارا مقصد اسلامک سنٹر کو حقیقی معنوں اس کے مقاصد کے رنگ میں ڈھالنا اور اس کے بانیا ن کے خوابوں کی تعبیر اور اس کی وراثت کو سنبھالنا ہے ۔