انتشار پھیلانے والوں کو کچل دیا جائے گا: محمد یونس

   

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں محمد یونس نے خبردار کیا کہ ’انتشار کا زہر‘ پھیلانے والوں کو قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سازشیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے کیونکہ ملک ہفتوں کے پرتشدد مظاہروں اور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد معمول پر آنے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔قوم سے اپنے پہلے خطاب میں یونس نے خبردار کیا کہ انتشار پھیلانے والوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ سازش کرنے والوں نے ملک میں انتشار اور خوف کا ماحول پیدا کیا تاکہ طلبہ اورعوام کی بغاوت کے ذریعے ہماری دوسری آزادی کو ناکام بنایا جاسکے۔ انتشار ہمارا دشمن ہے، اور اسے جلد شکست دی جانی چاہیے۔
الیکشن کا اعلان ہوتے ہی والدہ ملک لوٹ آئیں گی : فرزند شیخ حسینہ
ڈھاکہ؍ نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد جوائے کا کہنا ہیکہ عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی حسینہ واجد واپس اپنے ملک جائیں گی۔ ہندوستانی میڈیا کو انٹرویو میں حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد جوائے کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد عارضی طور پر ہندوستان میں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت جیسے ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گی والدہ محترمہ واپس اپنے ملک جائیں گی۔