نئی دہلی۔13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر (وی سی) پروفیسر نجمہ اختر نے پیر کو کہا کہ جامعہ نے طلبہ پر ہوئی وحشیانہ پولیس کاروائی کیخلاف معاملہ درج کروانے کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروفیسر اختر نے یہاں ان کا گھیراؤ کرنے کے مقصد سے آنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15 ڈسمبر کا واقعہ وحشیانہ ہے۔پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا عمل کل سے شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کیمپس میں داخل ہوئی اور یہاں کے بے گناہ طلبہ کو بے رحمی کے ساتھ زدوکوب کیا،وہ پہلے دن سے اس واقعہ کی مذمت کر رہی ہیں۔