’انتقامی کارروائی‘، ایمنسٹی کا ہندوستان میں کام بند

   

Ferty9 Clinic

لندن: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ حکومت ہند نے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں جس کی وجہ سے اس نے ہندوستان میں ملازمین کو فارغ کر کے اپنا کام روک دیا ہے۔تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کے خلاف آواز اٹھانے پر حکومت ہند کی طرف سے اسے منظم طریقے سے اور من گھڑت الزمات لگا کر نشانہ بنایا گیا ہے۔‘ہندوستان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے کہا ہے کہ ’گذشتہ دو برس سے ایمنسٹی انٹرنیشنل پر کیا جانے والا کریک ڈاؤن اور اب اس کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنا محض اتفاق نہیں ہے۔ یہ دہلی میں ہونے والے ہنگاموں اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہندوستانی حکومت کا احتساب کرنے کا نتیجہ ہے۔‘تنظیم کا کہنا ہے کہ ’وہ ہندوستانی اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل طور پر پاسداری کرتی ہے اور ہندوستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے کے لیے یہ مقامی طور پر فنڈز اکٹھے کرتی ہے، اور اب تک ایک لاکھ ہندوستانی شہریوں نے فنڈز عطیہ کیے ہیں۔