دوسری میعاد پر عمل آوری یکم جنوری 2022 سے ہوگی
اقوام متحدہ:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں بڑی اور چھوٹی اقوام کے مابین اعتماد کے فروغ کو یقینی بنانے اور راہ ہموار کرنے کے علاوہ اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔اس ماہ کے اوائل میں 15 رکنی سلامتی کونسل نے جنرل اسمبلی کو گوتریس کی دوبارہ تقرری کی سفارش کی تھی، ان کی دوسری میعاد کا آغاز یکم جنوری 2022 سے ہو گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے سے چند ہفتوں قبل گوتریس نے جنوری 2017 میں بان کی مون کی جگہ لی تھی، گوتریس کی پہلی مدت کی زیادہ تر توجہ ٹرمپ انتظامیہ کو منانے پر مرکوز تھی جنہوں نے اقوام متحدہ کی اہمیت اور کثیرالجہتی پر سوال اٹھایا تھا۔امر یکہ دراصل اقوام متحدہ کو سب سے زیادہ مالی اعانت فراہم کرنے والا ملک ہے جو اس کے باقاعدہ بجٹ کا 22 فیصد اور قیام امن کیلئے رکھے گئے بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ دیتا ہے، رواں سال جنوری میں اقتدار میں آنے والے صدر جو بائیڈن نے اقوا متحدہ کی ان فنڈنگ کو بحال کرنا شروع کردیا ہے جنہیں ٹرمپ نے روک دیا تھا۔72سالہ انتونیو گوتریس 1995 سے 2002 تک پرتگال کے وزیر اعظم اور 2005 سے 2015 تک اقوام متحدہ کی مہاجر ایجنسی کے سربراہ رہے تھے۔