انتہائی مطلوب ماؤیسٹ لیڈر پاپا راؤ ہتھیار ڈالنے تیار

   

12 تا 17 ساتھیوں کے بھی خود سپردگی اختیار کرنے کا امکان
حیدرآباد 24 مارچ : ( سیاست نیوز) : ایک انتہائی مطلوب ماویسٹ لیڈر اور مغربی بستر ڈیویژن کا کمانڈر پاپا راؤ عرف سنم چندریا ہتھیار ڈالنے تیار ہے ۔ رپورٹس کے مطابق درمیانی افراد نے چھتیس گڑھ کے ایک نیشنل پارک کے جنگلاتی علاقوں میں قدم رکھا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پاپا راؤ اپنے 12 سے 17 ساتھیوں کے ساتھ بیجا پور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے سامنے خود سپردگی کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ پاپا راو کی گرفتاری پر 25 لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا تھا ۔ سیکوریٹی فورسس پاپا راؤ کا سراغ لگانے کی کوشش میں خصوصی آپریشن کررہی ہے ۔ وہیں اس کے ہتھیار ڈالنے کے حوالے سے متوازی کوششیں بھی جاری ہیں ۔ پولیس حکام نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔ ان واقعات کے پس منظر میں چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر وشنودیوسائی نے ایک اہم بیان جاری کیا ۔ وزیراعظم مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے پختہ عزم کے تحت ملک میں نکسلزم کے خلاف کوشش جاری ہے ۔ اس کے اثرات اب واضح نظر آرہے ہیں۔ نکسلزم کے خاتمے کی آخری تاریخ تیزی سے قریب آرہی ہے ۔ اس لیے پاپا راؤ جیسے ممتاز ماؤ نواز کمانڈروں کا ہتھیار ڈالنا ایک مثبت علامت ہے ۔۔ ش