انتہائی نگہداشت شعبہ میں ماہرطب کے ذریعہ مریضوں کی مناسب نگرانی

   

پبلک گارڈن واکرس اسوسی ایشن کے ہیلت لیکچر سے ڈاکٹر ٹی شیام سندر کا خطاب

حیدرآباد 2 فروری (یو این آئی) ڈاکٹر ٹی شیام سندر ماہر انتہائی نگہداشت نے کہا ہے کہ عام طور پر ایسے مریض جو ایمرجنسی وارڈ سے کریٹیکل شعبہ منتقل کیے جاتے ہیں ان کے لئے علاج کا تسلسل ضروری ہوتا ہے ۔ اس شعبہ میں مہارت والے ڈاکٹرس، خصوصی ٹریننگ اور تجربہ کی ضرورت ہوتی ہے ، یہ ڈاکٹرس کریٹیکل کیر اسپیشلسٹ کہلاتے ہیں۔انہوں نے حیدرآباد کے پبلک گارڈن واکرس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم باغ عامہ میں علاج۔وہم اور حقائق کے موضوع پر لکچر دیا۔ غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ و چیرمین پبلک گارڈن واکرس ایسوسی ایشن نے صدارت کی۔انہوں نے اپنے خطاب کے آغاز میں کریٹیکل کیر یونٹ کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے طریقہ کار کی وضاحتیں کیں۔انہوں نے کہاکہ آئی سی یو میں خاص وضع کے خصوصی آلات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کریٹیکل کیر شعبہ میں مخصوص اور اہم ذمہ داری متعلقہ قابلیت اور صلاحیتوں والے ڈاکٹر ہروقت رکھے جاتے ہیں۔انہوں نے انتہائی نگہداشت والے شعبہ میں مریض کے مختلف انتہائی تکلیف دہ لمحات سے دوچار ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ طبی اہلکاروں کواس طرح کے حالات میں نہایت چوکنا رہنا ہوتا ہے ۔ اس یونٹ کی مزید اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں متعلقہ اسٹاف کو علاج معالجے کے دوران احتیاط اور بروقت کارکردگی کی خصوصی ٹریننگ دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مریض کے مختلف نوعیت کے جراثیم سے متاثر ہونے کا امکان رہتا ہے ۔ متعلقہ اہلکاروں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ آئی سی یو کے مریض کی صفائی کے لیے نہ صرف اپنے ہاتھ صاف رکھیں بلکہ مخصوص قسم کے دستانے اور مریض کے جسم سے خارج ہونے والے مادوں کی بروقت صفائی کا پوری طرح دھیان رکھیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں اس شعبہ میں رشتہ داروں اور دوست و احباب کے وقت بے وقت داخلوں پر سختی سے پابندی کی جاتی ہے ۔ کیوں کہ نہ صرف اس شعبہ میں زیر علاج مریضوں کو بلکہ خود عیادت کے لیے آنے والوں کو مختلف جراثیم سے متاثر ہونے کا خدشہ لگا رہتاہے ۔ غلام یزدانی چیرمین پبلک گارڈن واکرس ایسوسی ایشن نے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ واکرس ایسوسی ایشن ہیلتھ لکچرس نہ صرف آڈیو ویڈیو کی سہولتوں کے ساتھ صبح کی اولین ساعتوں میں شہر کے مرکزی مقام باغ عامہ میں بپابندی منعقد ہوتے ہیں۔ پروفیسر محمد مسعود احمد ہیلتھ کیر اڈوائزر نے مقرر ڈاکٹر کا تفصیلی تعارف کروایا اور لکچر کے بعض اہم پہلوؤں کی وضاحت کی۔ سامعین کے سوالات و جوابات کا سیشن بھی دلچسپ رہا۔ پروفیسر آنند راج ورما سرپرست ایسوسی ایشن نے چند دلچسپ اشعار اور کہاوتوں سے نشست کا آغاز کیا۔ پرمود کمار کیڈیا نائب صدر نے مقرر کی گلپوشی و شال پوشی کی اور شکریہ ادا کیا۔ سکریٹری وشواناتھ اگروال اور محمد ثناء اللہ فرحان یوتھ ونگ نمائندے بھی موجود تھے ۔شکریہ پر نشست برخواست ہوئی۔