علیحدہ تلنگانہ میں عوام کی طرز زندگی میں بہتر تبدیلی ، محبوب نگر میں ریتو بندھو تقریب ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر : ماضی کی حکومتوں نے عوام کی تکالیف اور راحت کے اقدامات پر کوئی توجہ نہیں دی اب عوام علحدہ تلنگانہ میں ماضی کو بھول چکے ہیں اور اب معیاری اسکیموں سے عوام استفادہ کررہے ہیں اور ان کے طرز زندگی میں بڑی تبدیلی آچکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کیا ۔ وہ محبوب نگر کے نواحی علاقہ کوڈور اور مینم کنڈہ میں ریتو بندھو تقریب کے موقع پر ٹریکٹر ریالی سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2014 ء سے قبل کے دیہات انتہائی پسماندہ تھے اور محبوب نگر کے علاوہ پینے کے پانی کیلئے ترس رہے تھے لیکن آج گھر گھر پانی ، کسانوں کو تخم اور بجلی کی فراہمی مسلسل سربراہ کی جارہی ہے ۔ انھوں نے تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں محبوب نگر کو حیدرآباد کا گیٹ وے بنادیا جائے گا ۔ پالمور رنگاریڈی پروجکٹ چاہئے کتنی رکاوٹیں آئیں مکمل ہوکر رہے گا ۔ محبوب نگر کے تمام حلقوں کو ریتو بندھو اسکیم کے تحت 200 کروڑ اور محبوب نگر ضلع کو 1460 کروڑ منظور کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے ریتو بندھو سے متعلق مقابلہ جات میں کامیاب افراد میں انعامات تقسیم کئے۔ پروگرام میں ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی ، لائبریریز چیرمین راجیشور گوڑ ، ریتو بندھو ضلع صدر گوپال یادو ، ریتو بندھو ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر سیتا راما راؤ ، آر ڈی او پدما شری ، جے ڈی پی ٹی سی وینکٹیشورا، ایم پی پی سدھا شری ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، ریتو بندھو منڈل صدر دیویندر ریڈی ، جے پی این سی ای چیرمین روی کمار و دیگر قائدین موجود تھے ۔