انتہاپسند اسرائیلی وزیر اپنے آرمی چیف پر برس پڑے

   

تل ابیب، 22 جولائی (یو این آئی) اسرائیل کے انتہا پسند وزیر بن گویر نے ممکنہ جنگ بندی کے بیان پر آرمی چیف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے سکیورٹی وزیر نے غزہ میں جنگ بندی کے مثبت تبصرے کرنے پر آرمی چیف ایال ضمیر کی ایک “سنگین اور خطرناک غلطی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمیر کے تبصرے کہ اگر آنے والے دنوں میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ “آپ کیلئے ایک بڑی کامیابی ہو گی انتہائی لاپرواہی ہے ۔

اسرائیل کیساتھ جنگ میں مہلوکین کی تعداد 1062 ہو گئی: ایران
تہران ۔ 22 جولائی (ایجنسیز) حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے منگل کے روز کہا ہیکہ ایران میں گذشتہ ماہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ میں کم از کم 1,062 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 102 خواتین اور 38 بچے شامل ہیں۔قبل ازیں ہلاک شدگان کی سرکاری تعداد 935 تھی۔

دیر البلح میں عالمی ادارہ صحت کی تنصیبات پر اسرائیلی حملہ، عملہ گرفتار
جنیوا۔ 22 جولائی (ایجنسیز) عالمی ادارہ صحت نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں اس کے مراکز پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غزہ کے وسط میں واقع دیر البلح میں اس کے عملے کے رہائشی مقام اور مرکزی گودام پر تین بار حملے کیے۔ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہا نوم نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں عالمی ادارہ صحت کے عملے کے رہائشی مقام پر تین بار دھاوا بولا اور مرکزی گودام کو بھی نشانہ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے عملے کے ایک مرکز میں گھس کر خواتین اور بچوں کو پیدل جنوب کی طرف جانے پر مجبور کیا۔
ساتھ ہی مرد عملے اور ان کے اہل خانہ کو ہاتھ پاؤں باندھ کر کپڑے اتار کر موقع پر تفتیش کی اور ان پر بندوقیں تانیں۔
ٹیڈروس کے مطابق 32 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، لیکن اسرائیلی فوج نے عملے کے دو ارکان اور ان کے دو اہل خانہ کو حراست میں لے لیا۔ تین کو بعد میں رہا کر دیا گیا جبکہ ایک اب بھی گرفتار ہے۔ادارے نے فوری رہائی اور عملے کی مکمل حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب دیر البلح میں شدید فضائی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فوج نے علاقے کو خالی کرانے کا انتباہ دے رکھا ہے تاکہ اپنی زمینی کارروائی کو وسعت دے سکے۔ یہ علاقہ جنگ کے آغاز سے اب تک زمینی حملوں سے محفوظ تھا۔ٹیڈروس نے خبردار کیا کہ دیر البلح میں جاری ایواکیوئیشن کی کارروائیوں نے عالمی ادارہ صحت کی کئی تنصیبات کو متاثر کیا ہے، جس سے غزہ میں صحت کا نظام مزید کمزور ہو رہا ہے۔