انجلی کے پہلے ہی مقابلے میں کئی نئے عالمی ریکارڈز

   

پوکھرا۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے میدان پراکثرریکارڈ بنتے اورٹوٹتے ہیں لیکن نیپال کے پوکھرا میں ایک ایسا ریکارڈ بنا ہے، جس نے سبھی کرکٹ مداحوں کوحیران کردیا ہے۔ ساؤتھ ایشین گیمس کے پہلے ویمنس کرکٹ میچ میں نیپال نے مالدیپ کومحض 16 رنز پرڈھیرکردیا اوراس کے بعد میزبان ٹیم نے صرف پانچ گیندوں میں ہی میچ جیت لیا۔ نیپال کی جیت میں اس کی بولر انجلی چند نے بھی تاریخ رقم کردی۔ انجلی چند نے مالدیپ کے خلاف 13 گیندوں میں 6 وکٹ لئے اورانہوں نے ایک بھی رن نہیں دیا۔واضح رہیکہ انجلی چند نے نیپال کی طرف سے ٹی 20 میں اپنے کرئیر کا آغازکیا ہے اور یہ ان کا پہلا بین الاقوامی میچ تھا اورپہلے ہی مقابلے میں انہوں نے مخالف ٹیم کی کمرتوڑکررکھ دی۔ انجلی چند نے بغیررن دیئے 6 وکٹ لیکرعالمی ریکارڈ بنایا ہے۔ وہ پہلی کرکٹرہیں جس نے بغیررن دئے6 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ملیشیا کی بولر ماس ایلیسا کے نام تھا جنہوں نے تین رن دے کر6 وکٹ لئے تھے۔ انجلی چند نے محض 13 گیند پھینکی اورانہوں نے ہیٹ ٹرک بھی لی۔ پہلے اوورمیں انجلی چند نے تین وکٹ لئے۔ انہیں دوسری، چوتھی اورچھٹی گیند پروکٹ ملا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے دوسرے اوورمیں دووکٹ لئے۔ انہوں نے پانچویں اورچھٹی گیند پر وکٹ لیا۔ اس کے بعد اپنے تیسرے اوورکی پہلی ہی گیند پروکٹ لیکرانہوں نے اپنی ہیٹ ٹرک اور6 وکٹ پورے کرلئے۔ انجلی چندکی بولنگ کے سامنے مالدیپ کے ایک بھی کھلاڑی نہیں ٹک پائے۔ مالدیپ کی ٹیم 10.1 اوورمیں محض 16 رن پرآل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے9 کھلاڑی توکھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ایک بھی کھلاڑی دوہرے اعدادوشمارتک بھی نہیں پہنچ سکی۔ ٹیم کی اوپنر حمزہ نیازنے سب سے زیادہ 9 رن بنائے۔