ممبئی: انجمن اسلام کے ایکزیکٹیو چیئرمین اور مشہور تاجراورکوکن کے ضلع رائے گڑھ کی معروف سماجی شخصیت اور السمیت انٹر نیشنل کے مالک غلام محمد پیش امام آج صبح وقت سحری اپنے خالق حقیقی سے جاملے ،۷۷سالہ تاجرغلام پیش امام کے پسماندگان میں۔ اہلیہ،ایک بیٹے واصب اور بیٹی اور پوتے پوتیاں ہیں۔اُن کے صاحب زادے واصب پیش امام نے بتایا کہ صبح سحری میں انہوں نے سانس میں تکلیف کی شکایت کی اور بے چینی محسوس بڑھنے پر انہیں فوری طورپرشمال مغربی ممبئی کے لیلا وتی اسپتال لے جایا گیا،لیکن اس سے قبل ہی اُن کی روح پرواز کر چکی تھی۔ ان کے جسد خاکی گھر میں دیدار کے بعد تدفین کے لئے ان کے آبائی وطن دیویا اگر تعلقہ شری وردھن لے جایا گیا ۔ جہاں شب میں بعد نماز تراویح تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم ہمیشہ ضرورتمندوں کی مدد کیا کرتے تھے ۔ ممبئی میں بابری مسجد کی شہادت کے بعد ہونے والے ڈسمبر 1992 اور جنوری 1993 کے فسادات میں راحتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تحقیقاتی سری کرشنا کمیشن کی کارروائی اور اس کی رپورٹ نافذ کرانے میں پیش پیش رہے ۔