گلبرگہ۔ 3 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن کے بموجب انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کی مجلس عاملہ نے مومنٹو ، سپاس نامہ اور پچیس ہزار روپے کیسہ زر پر مشتمل ’’انجمن کارنامہ حیات ایوارڈ‘‘ برائے سال 2022 کے لیے ممتاز صحافی، ادیب و شاعر جناب حامد اکمل مدیر ایقان ایکسپریس کا انتخاب کیا ہے۔یہ ایوارڈ جناب حامد اکمل کو ان کی نصف صدی پر محیط، قابل قدر صحافتی اور ادبی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جائے گا۔جلسہ تفویض ایوارڈ بروز اتوار، 8/جنوری 2023، صبح 11 بجے، بہ مقام خواجہ بندہ نواز ایوان اردو،انجمن کامپلیکس،اسٹیشن روڈ، گلبرگہ منعقد ہوگا۔جناب ایم۔اے۔ماجد حیدرآباد، جناب محمد اعظم شاہد کالم نگار، ادیب و شاعر،بنگلور اورجناب فاضل حسین پرویزمدیر ہفت روزہ گواہ، حیدرآباد بہ حیثیت مہمانان خصوصی شریک رہیں گے۔ ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی، ادیب و شاعر، گلبرگہ اور ڈاکٹر کوثر پروین، افسانہ نگار، گلبرگہ اس موقع پر اظہار خیال کریں گے۔ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر انجمن کی زیر صدارت منعقدہ اس جلسے میں شرکت کے لیے جناب میر شاہنواز شاہین، جناب خواجہ پاشاہ انعام دار (نائبین صدر)، ڈاکٹر انیس صدیقی (معتمد)،ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر (معتمد تنظیمی) اور جناب محمد مجیب احمد (خازن) کے علاوہ تمام اراکین مجلسِ عاملہ نے محبان اردو زبان و ادب سے شرکت کی پر خلوص درخواست کی ہے۔