انجم چوپڑا اورسری کانت کو کارنامہ حیات ایوارڈ

   

نئی دہلی ۔28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور 1983 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن کرشنماچاری سری کانت اور لیجنڈ خاتون کرکٹر انجم چوپڑا کو اس سال بی سی سی آئی ایوارڈس میں بڑا ایوارڈ سی کے نائیڈو کارنامہ حیات ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔ بی سی آئی سالانہ ایوارڈ تقریب آسٹریلیا کے خلاف 14 جنوری کو شروع ہونے والی تین میچوں کی ونڈے سیریز سے پہلے 12 جنوری کو ممبئی میں منعقد کی جائے گی۔ سری کانت کو 1989 میں پاکستان دورے کیلئے کپتان بنایا گیا تھا۔ یہ وہی سیریز تھی جس میں سچن تندولکر نے بین الاقومی کرکٹ میں اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد انہیں کپتانی سے ہٹادیا گیا تھا۔ انہوں نے 1992 ورلڈ کپ کے بعد سبکدوشی اختیار کی تھی ۔ وہ 2009 سے 2012 تک سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی رہے تھے۔ سری کانت نے 1981 سے 1992 تک ہندوستان کی نمائندگی کی ، وہ ایس وینکٹ راگھون اور روی چندرن اشون کے ساتھ تمل ناڈو کرکٹ کے بہترین کرکٹروں میں شامل ہیں۔ 60 سالہ سری کانت نے 43 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں ، جس میں دو سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے انہوں نے 2062 رن بنائے ۔علاوہ ازیں کارنامہ حیات ایوارڈ لینے والی دوسری کھلاڑی انجم چوپڑا ہیں ۔ انجم چوپڑا کو متھالی راج سے پہلے ہندوستان کی سب سے بہترین خاتون بیٹر مانا جاتا تھا۔ انہوں نے 12 ٹسٹ میچوں میں 548 رنز بنائے۔ انجم نے اس کے علاوہ 127 ونڈے بھی کھیلے ، جس میں انہوں نے ایک سنچری اور 18 نصف سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے 18 ٹی 20 میچ بھی کھیلے ہیں۔