انجنی کمار سے کانگریس قائد فیروز خاں کی ملاقات

   

قدیر خاں ہلاکت معاملہ میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر محمد فیروز خاں نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار سے ملاقات کی اور میدک ضلع میں قدیر خاں نامی نوجوان کی پولیس اذیت سے ہلاکت کے واقعہ میں نمائندگی کی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو فیروز خاں نے یادداشت حوالے کی جس میں خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی اور لواحقین کو انصاف کی مانگ کی۔ مکتوب میں کہا گیا کہ تلنگانہ پولیس کی کارکردگی کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے لیکن عبدالقدیر خاں کے واقعہ نے پولیس کی امیج کو بگاڑ دیا ہے۔ قدیر خاں کی بیوہ نے پولیس عہدیداروں کے خلاف شکایت درج کی لہذا خاطیوں کے خلاف قتل اور ایذا رسانی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے معطلی کے بجائے خدمات سے برطرفی کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے درخواست کی کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں تاکہ پولیس کا امیج متاثر نہ ہو۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ کے سی آر حکومت میں پولیس زیادتیوں کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انصاف ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ر