انجن کمار یادو کی درگاہ یوسفین ؒ میں حاضری

   

Ferty9 Clinic

ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد۔ /7 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے نئی ذمہ داری قبول کرنے سے قبل درگاہ حضرات یوسفین ؒ پہنچ کر چادر گل پیش کی۔ بعد ازاں نامپلی مندر میں پوجا کرنے کے بعد ریڈ روز گارڈن سے کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ ریالی کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے۔ درگاہ یوسفینؒ میں چادر گل پیش کرتے وقت نامپلی اسمبلی حلقہ کے کانگریس انچارج فیروز خان ، تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل، سابق کارپوریٹر محمد واجد حسین، محسن قریشی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ آئندہ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی۔ سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آرنے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا ہے۔ ایس سی طبقات کو تین ایکر اراضی دینے کا وعدہ کرتے ہوئے انحراف کیا۔ ایس ٹی طبقات کو 10 فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی ہے۔سات سال کے دوران ریاست تلنگانہ کو قرضوں میں مبتلاء کردیا گیا جبکہ سنہرے تلنگانہ کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی۔ ریاست میں شرح بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا۔ 3015 روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کے وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ وعدوں سے انحراف کرنے والی اور دھوکہ دینے والی ٹی آر ایس کو اقتدار پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرے گی اور کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرے گی۔