انجن کمار یادو کی سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات

   

پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے دعویداری پیش
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں دونوں قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کے لیے اپنی دعویداری پیش کی۔ انجن کمار یادو نے پارٹی میں اپنے خدمات کی تفصیلات پر مشتمل بایوڈاٹا سونیا گاندھی کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ذمہ داری پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائد کو دی جائے تو وہ اس عہدے کے لیے خود کو اہل اور مستحق تصور کرتے ہیں۔ وہ دو مرتبہ سکندرآباد لوک سبھا حلقے سے منتخب ہوچکے ہیں اس کے علاوہ دو میعاد کے لیے سٹی کانگریس صدر کی حیثیت سے شہر میں پارٹی کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات کی آبادی مجموعی آبادی کا 50 فیصد سے زائد ہے۔ آئندہ انتخابات میں بی سی طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے میں وہ اہم رول ادا کریں گے۔ انجن کمار نے کہا کہ کے سی آر بی سی اور دیگر کمزور طبقات کی تائید کے ذریعہ چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ مذکورہ طبقات سے مختلف وعدے کرتے ہوئے ان کی تائید حاصل کی گئی۔ جبکہ وعدوں کی تکمیل میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انجن کمار یادو مزید دو دن تک نئی دہلی میں قیام کریں گے اور اے آئی سی سی کے دیگر قائدین سے ملاقات کریں گے۔