برلن : جرمنی چانسلرانجیلامرکل نے جرمن شہر ہاناؤ میں نسلی تعصب کی وجہ سے کیے گئے حملے کے نو ہلاک شدگان کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ جرمن معاشرے میں پرامن بقائے باہمی کے لیے ایک گہرا زخم تھا۔ مرکل نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ایسے پرتشدد اور انتہا پسندانہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دائیں بازو کی شدت پسندی کیا کچھ کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وفاقی حکومت ایسے تمام اقدامات کے لیے بھرپور کوشش کرے گی، جن سے نسلی تعصب جیسے ’تباہ کن نظریات‘ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ جرمن صوبے ہیسے کے شہر ہاناؤ میں گزشتہ برس انیس فروری کو ایک تینتالیس سالہ جرمن باشندے نے تارکین وطن کے پس منظر کے حامل نو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں قاتل نے اپنی والدہ کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کر لی تھی۔