حیدرآباد۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) انجینئرنگ امتحانات میں مسلسل ناکام ہونے سے دلبرداشتہ انجینئرنگ کے ایک طالب علم نے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ کے پی ایچ بی پولیس کے مطابق 21 سالہ جے ریتویک جو ملا ریڈی انجینئرنگ کالج میسماں گوڑہ کا چوتھے سال کا طالب علم تھا اور دوسرے و تیسرے سال کے امتحانات میں ناکام ہونے کے نتیجہ میں اسے بیاک لاگ دینا لازم تھا۔ تعلیم میں مسلسل ناکامی سے وہ دلبرداشتہ ہوگیا تھا لیکن اس کی ماں جے کلیانی ہمیشہ اسے ہمت دلاتی تھی اور محنت کرنے پر زور دیتی تاہم 12 ستمبر کی صبح کی اولین ساعتوں میں ریتویک نے اپنے اپارٹمنٹ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے خودکشی کرلی۔ پولیس کوکٹ پلی نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور تحقیقات جاری ہیں۔B
